دس لاکھ بچوں کو اسکولوں میں داخل کروانے کا عزم لیکر پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن نے اپنی نئ عالمی مہم کا آغاز اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے کیا جس میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سمیت ذمہ دار شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی.
‘پیج’ نامی اس تنظیم کے عہدہ داران جن میں نادیہ بخاری اور وسیم احمد شامل ہیں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اس تنظیم کے ذریعے گرلز ایجوکیشن میں پیش کی گئی خدمات کا ذکر کیا.
‘پیج’ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فجر رابعہ نے تنظیم کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اڑھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جو ایک پریشان کن بات ہے. فجر رابعہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر ان تمام بچوں کو اسکولوں میں داخل کروانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے.
برطانیہ کی خصوصی ایلچی برائے صنفی مساوات جونا روپر نے تنظیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم نسواں کسی ملک کی ترقی اور استحکام میں انتہائی اہم کردار ادارتی ہے اور پوری دنیا میں یہ ایک اہم مسئلہ ہے. انکا کہنا تھا کہ ‘پیج’ اور پاکستانی حکومت مل کر تعلیم کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں.
بیرسٹر سیف نے اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسلام بھی معاشرہ کی ترقی کے لئے تعلیم پر سب سے زیادہ توجہ دیتا ہے.
آمنہ شیخ اور طارق چیمہ نے بھی اس مہم پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن پاکستان کی سربلندی میں ‘پیج’ اپنا ہر ممکن کردار ادا کرے گی.
2014 میں قائم کردہ اس تنظیم کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کروانا ہے.